بانی پی ٹی آئی جیل سے بیٹھ کر انتشار پھیلائیں گے تو جواب ضرور ملے گا، رانا ثناء اللہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور، رانا ثناء اللہ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے بانی جیل سے بیٹھ کر انتشار پر مبنی تحریک چلائیں گے، تو اس کا مؤثر جواب ضرور دیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام "خبر” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا، "آج اگر ہم مضبوط پوزیشن میں ہیں تو یہ صرف ہماری جدوجہد کا نتیجہ نہیں بلکہ تحریک انصاف کی ‘محنت’ کا بھی ثمر ہے۔ اللہ کرے کہ پی ٹی آئی کی سیاست اسی طرح آگے بڑھتی رہے۔”

latest urdu news

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کافی عرصے سے تحریک کی باتیں ہو رہی تھیں، یہاں تک کہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ تحریک 5 اگست کو عروج پر ہوگی، لیکن اب پتہ چلا ہے کہ پی ٹی آئی نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت مانگی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی بخوبی جانتی ہے کہ 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر جلسہ کرنا ہے تو پشاور میں کر لیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا، "اگر جیل سے بیٹھ کر باہر انتشار کی کال دی گئی تو ردعمل بھی ضرور آئے گا۔ پھر پی ٹی آئی یہی شکایت کرے گی کہ ہماری ملاقاتیں نہیں کرائی جا رہیں، جبکہ وہ خود حکومت کو اقدامات کا جواز فراہم کر رہے ہیں۔”

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو ایسے بیانات اور اعلانات سے گریز کرنا چاہیے جن کی بعد میں وضاحت دینا مشکل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کا راستہ مکالمے سے نکلتا ہے، ڈیڈلاک سے نہیں۔

انہوں نے کہا، "ہم پی ٹی آئی کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں، بیٹھ کر تمام سیاسی معاملات پر بات کریں — چاہے وہ میثاقِ جمہوریت ہو، سینیٹ انتخابات ہوں یا بانی سے ملاقات — ہر مسئلہ بات چیت سے ہی حل ہو سکتا ہے۔”

سینیٹ انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے انکشاف کیا کہ خیبرپختونخوا میں ایک نشست پر تحفظات ضرور تھے، لیکن اس سے حکومت یا پی ٹی آئی کو بڑا سیاسی نقصان نہیں پہنچتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سینیٹ کے معاملات پر بات چیت ہو سکتی ہے تو دیگر مسائل پر بھی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی وزیراعظم سے ملاقات کرے اور مینار پاکستان جلسے سمیت دیگر امور پر باضابطہ بات کرے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter