وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے اہم نکات پر پیش رفت ہوچکی ہے اور آج شام تک تمام معاملات طے پانے کی امید ہے۔
ایک بیان میں رانا ثناء اللّٰہ نے تصدیق کی کہ آرٹیکل 243 اور آئینی عدالت کے قیام سے متعلق امور پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ تاہم، ان کے مطابق چند دیگر نکات پر اب بھی مشاورت کا عمل جاری ہے تاکہ ترمیم کے تمام پہلوؤں پر مکمل ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کو کسی صورت تبدیل نہیں کیا جائے گا، البتہ این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بھی تصدیق کی کہ مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کے بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے، تاہم آج پارلیمنٹ میں ترمیم پیش نہیں کی جا رہی۔
بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام وفاقی ہے،مدد صوبائی سطح پر ہوگی: رانا ثناء اللّٰہ
اسی دوران، سینیٹر افنان اللّٰہ نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے آرٹیکل 243 پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جبکہ دیگر معاملات پر بھی ان کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہے، جسے وفاقی سطح پر ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
