وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شکایت ہے کہ پولیس نے انہیں غیر قانونی طور پر روکا ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرے۔ ان کے مطابق اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی تو جماعت کو توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرنی چاہیے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جیل حکام عدالتی احکامات کے مطابق ہر ممکن سہولت دینے کے لیے تیار ہیں، اور ماضی میں بھی عدالتی مداخلت پر پی ٹی آئی کو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو کسی قسم کی مشکلات درپیش ہیں تو انہیں کھلے دل سے بات چیت کے لیے آنا چاہیے۔ ان کے بقول پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزاؤں کے خلاف اپیل کا قانونی حق حاصل ہے، جیسے مسلم لیگ (ن) نے بھی اپنے خلاف فیصلوں پر اپیلیں کیں اور ریلیف حاصل کیا۔
محسن نقوی کو وزیراعظم بنانے کی خبر بے بنیاد ہے، اسحاق ڈار کی وضاحت
رانا ثناء اللہ نے زور دیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، اور اگر کسی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو اسے قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر الزام تراشی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔