رانا مشہود کا بانی پی ٹی آئی پر کڑا وار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ اگر بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بنائے گئے مقدمات جھوٹے ہیں تو وہ عدالتوں کا سامنا کرنے سے گریز کیوں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون اور انصاف سے بھاگنا اس بات کا ثبوت ہے کہ حقائق کچھ اور ہیں، جبکہ گھڑی کیس ایک واضح اور اوپن اینڈ شٹ کیس ہے جس میں مزید کسی ابہام کی گنجائش نہیں۔

latest urdu news

لندن میں اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے انتہائی مشکل حالات میں بھی قانون کا سامنا کیا اور پونے دو سو سے زائد پیشیوں پر عدالتوں میں حاضر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر نواز شریف کے سامنے ہی ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گرفتار کیا گیا، مگر اس کے باوجود انہوں نے عدالتی عمل سے فرار کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ ان کے بقول، وقت نے ثابت کیا کہ نواز شریف کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر تھے جو بعد ازاں جھوٹے ثابت ہوئے۔

رانا مشہود نے بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “ایبسلوٹی ناٹ” کا نعرہ لگانے والے آج انہی قوتوں کے قدموں میں بیٹھے نظر آتے ہیں جن پر وہ ماضی میں الزامات لگاتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تضاد عوام کے سامنے ہے اور قوم اب سچ اور جھوٹ میں فرق بخوبی سمجھتی ہے۔

نوجوانوں کو پالیسی سازی میں برابر کا شریک بنایا جائے گا: رانا مشہود

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی شکل میں پاکستان کے خلاف ایک بڑی سازش کی گئی، جس کی نشاندہی ماضی میں معروف دانشور حکیم سعید سمیت دیگر شخصیات کر چکی تھیں۔ رانا مشہود کے مطابق، اس دور میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار رہا اور ملک کی خارجہ پالیسی کو شدید نقصان پہنچا۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان ایک بار پھر عالمی برادری میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج پاکستان کے ساتھ متعدد ممالک کھڑے ہیں اور سفارتی سطح پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے، جو ماضی کے برعکس ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر رانا مشہود احمد خان نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ آئندہ برس جون تک پاکستان آئی ایم ایف پروگرام سے باہر آ جائے گا۔ ان کے مطابق، نوجوانوں کے لیے شروع کیے گئے حکومتی پروگرام ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے اور پاکستان ایک مستحکم مستقبل کی جانب گامزن ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter