ماہرینِ فلکیات نے اہم پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگلے سال رمضان المبارک 19 فروری 2026 (بروز جمعرات) سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ اس حساب سے رمضان کے آغاز میں اب صرف 139 دن باقی رہ گئے ہیں۔ یہ پیشگوئی ابتدائی فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر اماراتی فلکیاتی سوسائٹی نے جاری کی ہے۔
اماراتی فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان کے مطابق رمضان کا نیا چاند منگل 17 فروری 2026 کو شام 4 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اس روز سورج غروب ہونے کے صرف ایک منٹ بعد چاند بھی غروب ہو جائے گا، جس کی وجہ سے اس دن چاند کی رویت ممکن نہیں ہوگی۔ اسی لیے پہلا روزہ جمعرات، 19 فروری کو ہونے کا قوی امکان ہے، البتہ حتمی اعلان چاند دیکھنے والی سرکاری کمیٹی کرے گی۔
ابراہیم الجروان کے مطابق ابوظہبی میں رمضان کے آغاز پر روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 46 منٹ ہوگا، جو مہینے کے آخر تک بڑھ کر 13 گھنٹے 25 منٹ تک پہنچ جائے گا۔ دن کی روشنی کے اوقات بھی بڑھیں گے — آغاز میں 11 گھنٹے 32 منٹ جبکہ اختتام پر 12 گھنٹے 12 منٹ ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق رمضان کے آغاز میں درجہ حرارت 16 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، جبکہ مہینے کے آخر تک موسمِ بہار کی آمد کے ساتھ یہ 19 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ابراہیم الجروان نے مزید بتایا کہ اس دوران بارش کی مقدار 15 ملی میٹر سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔