اسلام آباد ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جن رافیل طیاروں پر بھارت کو ناز تھا، انہیں ہماری افواج نے زمین سے لگا دیا۔
قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سیاست نفرت اور الزام تراشی پر مبنی ہے، وہ اکثر جھوٹی کہانیاں گھڑ کر پاکستان کو موردِ الزام ٹھہراتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، جس کا پاک فوج نے دلیری سے مؤثر جواب دیا۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ بھارت کا ہمیشہ سے نشانہ عام شہری ہوتے ہیں، جب کہ پاکستان نے صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
دوسری جانب اسلام آباد، کراچی، لاہور اور سیالکوٹ کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن وقتی طور پر روک دیا گیا ہے۔ایئرپورٹ اتھارٹی نے کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود کی عارضی بندش کا نوٹم جاری کیا۔
فضائی پابندی کے باعث 40 سے زائد پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر فلائٹ آپریشن معطل کیا گیا، جبکہ لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی راستے دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گے۔