وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس سے شہرِ اقتدار کا موسم خوشگوار اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 4 سے 5 نومبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 5 نومبر تک وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر اور سوات میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ دیر میں شدید بارش کے دوران ندی نالوں میں طغیانی آنے سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی، جبکہ شہری گھروں تک محدود ہو گئے۔
بارش اور ژالہ باری کے باعث فصلوں، میوہ جات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، جبکہ بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر ضلع بھر کی بجلی منقطع ہوگئی۔
سوات میں بھی بارش اور ژالہ باری سے سردی بڑھ گئی، مینگورہ شہر میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث پانی سڑکوں پر بہہ نکلا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جہلم میں موسم سرما کی تاخیر سے مچھلی فروشوں کا کاروبار متاثر، ڈھابوں پر رونقیں بحال نہ ہو سکیں
پی ڈی ایم اے نے ایک بار پھر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایبٹ آباد، دیر، سوات، چترال اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی اقدامات کرنے اور نکاسیِ آب کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دی ہے، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 