محکمۂ موسمیات نے آئندہ 3 روز میں سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کی پیش گوئی کر دی، کراچی میں ہلکی بارش اور درجۂ حرارت 35 ڈگری تک رہنے کا امکان۔
کراچی، محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون بارشیں ہونے کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون کی ہوائیں مسلسل سندھ کے بیشتر علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ادارے نے مزید بتایا ہے کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین، جامشورو اور کراچی میں بھی چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ اگلے تین دنوں میں موسم مرطوب رہے گا اور ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہوگا۔
کراچی کے شہریوں کے لیے خصوصی اطلاع دی گئی ہے کہ شہر کا درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مطلع زیادہ تر وقت ابر آلود رہے گا، جس کے باعث حبس اور گرمی کا احساس برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔
ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیر آب، نظامِ زندگی متاثر
محکمۂ موسمیات نے شہری انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ بارشوں کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
یاد رہے کہ سندھ میں مون سون کے دوران اکثر شہروں میں اربن فلڈنگ، بجلی کے تعطل اور ٹریفک جام جیسی صورتِ حال پیدا ہو جاتی ہے، اس لیے شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتِ حال سے باخبر رہیں۔