محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور مانسہرہ میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہے گا۔ اسلام آباد، مری، گلیات اور گردونواح میں موسم خشک اور ٹھنڈا رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی کے باعث مشرقی پنجاب کے اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں اسموگ برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رواں سال پاکستان میں شدید سردی کا امکان نہیں، محکمہ موسمیات
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور قدرے سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
