اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 7 سے 10 ستمبر کے دوران سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں آئیں گے، جس کے باعث شہری سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق جنوب مشرقی سندھ کے ساحلی اضلاع میں انتہائی شدید بارشیں متوقع ہیں، جو نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا سبب بن سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کیرتھر رینجز، بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ اور خضدار کے ندی نالوں میں طغیانی کے امکانات بھی ظاہر کیے ہیں۔
ادارے نے مزید بتایا کہ بھارت کے گجرات اور راجستھان کی سرحد پر موجود بارشوں کا سسٹم مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے، جو سندھ، ملحقہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب کو متاثر کرے گا۔ یہ بارشیں 10 ستمبر تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کوہِ سلیمان اور جنوبی پنجاب کے چند علاقوں میں بھی شدید سے انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مون سون کا طاقتور اسپیل؛ کراچی میں آج سے بارشوں کا آغاز متوقع، اربن فلڈنگ کا خدشہ
اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔