سعد رضوی کے گھر چھاپہ: کروڑوں کی نقدی، سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب پولیس کی جانب سے مذہبی جماعت کے رہنما سعد رضوی کی رہائش گاہ پر کیے گئے حالیہ چھاپے میں بھاری مالیت کی نقدی، زیورات اور غیر ملکی کرنسی کی برآمدگی کی تفصیلات منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔

latest urdu news

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، چھاپے کے دوران مجموعی طور پر 14 کروڑ 44 لاکھ روپے کی پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی، جبکہ 6 کروڑ 34 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی قبضے میں لیا گیا۔ مزید برآمدگی میں بھارتی کرنسی کے 50 ہزار روپے اور دیگر ممالک جیسے برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب، اور یو اے ای کی کرنسی شامل ہے، جن کی مجموعی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برآمدگی کے دوران ایف آئی اے اور سائبر کرائم ایجنسی کے نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے کارروائی کی نگرانی اور گواہی دی۔

جعلی خبروں کیخلاف کریک ڈاؤن، مرکزی کرداروں کی فہرست تیار

مذہبی جماعت کے حالیہ مظاہروں کے دوران سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں اور ویڈیوز کے حوالے سے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، فیک نیوز پھیلانے والے نیٹ ورکس کی نشاندہی ہو چکی ہے، اور ان کے مرکزی کرداروں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کے تحت ملوث افراد کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ ایف آئی اے اور دیگر ادارے جلد گرفتاریاں عمل میں لائیں گے۔ ڈیپ فیک مواد کی فرانزک جانچ جاری ہے، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ہدایت دی گئی ہے کہ 24 گھنٹوں کے اندر فیک مواد ہٹایا جائے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سعد رضوی اور انس رضوی کو ٹریس کرلیا

ریاستی اداروں کے مطابق، بیرونِ ملک سے جعلی خبروں اور پراپیگنڈہ مہم میں ملوث نیٹ ورکس کی ٹریسنگ جاری ہے۔ ان کے خلاف ریڈ نوٹس اور بین الاقوامی قانونی تعاون کے تحت کارروائیوں پر مشاورت ہو رہی ہے۔

بھارت اور افغانستان سے چلنے والے جعلی اکاؤنٹس پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ صوبائی فوکل پرسنز اور ری ایکشن یونٹس کو متحرک کر دیا گیا ہے، جبکہ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ 1919 ہیلپ لائن کے ذریعے فیک نیوز کی اطلاع دیں — ان کی شناخت صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔

حکام نے چینلز، بلاگرز اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی خبر کی نشر و اشاعت سے قبل تصدیق کو یقینی بنائیں۔ گمراہ کن ہیش ٹیگز اور ٹرولنگ سیلز کے خلاف بھی مربوط کارروائیاں شروع ہو چکی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter