الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی درخواست مسترد کر دی ہے، جس میں کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی استدعا کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 28 دسمبر کو ہوں گے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت آئین کے مطابق الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی معاونت کرے گی اور کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کی ذمہ داری سونپی گئی تمام اداروں کی ہر ممکنہ حمایت کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں تاکہ ووٹرز، امیدواروں، عوام اور پولنگ عملے کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور کوئٹہ ڈسٹرکٹ میں بلا تعطل اور پرامن پولنگ ہو سکے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 15 فروری کو ہوگی
تاہم، ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد نے اختلافی نوٹ لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں شدید سردی کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہو سکتا ہے کیونکہ لوگ موسم کی سختی کی وجہ سے دوسرے اضلاع میں منتقل ہو جاتے ہیں۔ شاہ محمد نے مزید کہا کہ موجودہ امن و امان اور موسم کی صورتحال بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سازگار نہیں ہے اور انتخابات کو حالات معمول پر آنے تک ملتوی کرنا چاہیے۔
