قائداعظم یونیورسٹی میں ہاسٹل خالی نہ کرنے پر 72 طلبہ گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

قائداعظم یونیورسٹی میں گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ہاسٹلز خالی نہ کرنے پر درجنوں طلبہ گرفتار، طلبہ کا احتجاج، VC آفس بند۔

اسلام آباد کی قائداعظم یونیورسٹی میں ہاسٹلز خالی نہ کرنے پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے درجنوں طلبہ کو گرفتار کر لیا۔

latest urdu news

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات کے دوران 13 جولائی سے ہاسٹلز کو مرمت اور تزئین و آرائش کے لیے عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور طلبہ کو 21 جولائی تک ہاسٹل خالی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ بیشتر طلبہ نے ان احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہاسٹلز چھوڑ دیے، تاہم کچھ طلبہ کی جانب سے مسلسل احتجاج جاری رہا۔

انتظامیہ نے بتایا کہ ہاسٹلز کی بندش کے خلاف طلبہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، لیکن عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد بھی طلبہ کو متعدد بار مہلت دی گئی۔ آخرکار، حتمی مہلت ختم ہونے پر آج صبح یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز خالی کرانے کے لیے کارروائی کی اور اس دوران متعدد طلبہ کو گرفتار کیا گیا۔ طلبہ کے مسلسل احتجاج کے باعث وی سی آفس اور وی سی سیکرٹریٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔

طلبہ کی قانونی نمائندہ ایمان مزاری نے بتایا ہے کہ اب تک 72 طلبہ کو گرفتار کرکے تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا جا چکا ہے۔ طلبہ پر پُرامن احتجاج کے باوجود سخت کارروائی کی گئی جو آئینی و قانونی اصولوں کے خلاف ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس کی جانب سے اس گرفتاری پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا اور وہ معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

یاد رہے کہ قائداعظم یونیورسٹی میں حالیہ مہینوں میں طلبہ تنظیموں کے مابین لسانی تصادم، فائرنگ اور جھگڑوں کے باعث حالات کشیدہ رہے ہیں۔ اس دوران انتظامیہ نے متعدد بار سخت فیصلے کیے، جن میں 79 طلبہ کا اخراج بھی شامل ہے۔ ہاسٹل بندش کے حالیہ اقدام کو بھی ان ہی سیکیورٹی اور انتظامی خدشات سے جوڑا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter