نانگا پربت سر کرنے والی پہلی قطری خاتون شیخہ اسما آل ثانی کو وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کر دیا۔
اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے شاہی خاندان کی رکن اور معروف کوہ پیما شیخہ اسما آل ثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شیخہ اسما نے حال ہی میں دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کر کے پہلی قطری خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جس پر انہیں یہ سفارتی اعزاز دیا گیا۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر جاری پیغام میں شیخہ اسما کو ان کی قابلِ ستائش کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نانگا پربت کی مہم جوئی نہ صرف ہمت اور حوصلے کی علامت ہے بلکہ یہ پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور پائیدار دوستی کی بھی مثال ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شیخہ اسما کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کی سفیر مقرر کرنا باعثِ فخر ہے۔
انسٹاگرام پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے شیخہ اسما نے بتایا کہ نانگا پربت ان کی اب تک کی سب سے مشکل چوٹی تھی، جہاں وہ مسلسل خطرات سے دوچار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ برفانی تودے اور گرنے والے پتھروں کے درمیان سفر کرتے ہوئے انہیں زندگی کی نازکی کا گہرا احساس ہوا، لیکن اسی آزمائش میں انہیں اپنے اندر کی نئی طاقت ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ محض چوٹی سر کرنے کے لیے نہیں چڑھتیں بلکہ اس سکون کی تلاش میں ہوتی ہیں جہاں وہ خود سے دوبارہ جُڑ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑ ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ شیخہ اسما کی سابقہ کامیابیوں میں ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو اور مکالو جیسی بلند ترین چوٹیاں شامل ہیں، اور اب نانگا پربت پر قطر کا پرچم لہرا کر انہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
یاد رہے کہ شیخہ اسما نہ صرف خلیجی دنیا کی پہلی نمایاں خاتون کوہ پیما کے طور پر ابھری ہیں بلکہ ان کی یہ تقرری پاکستان کی مثبت عالمی تشہیر اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے کی ایک قابلِ ستائش کاوش ہے۔