امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں امیر قطر سے ملاقات کی جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران صدر زرداری نے امیر قطر کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے قطر کی جانب سے دوحہ مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان کے حوالے سے ادا کیے گئے مثبت کردار کو سراہا۔ اس موقع پر امیر قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل کو حل کر کے علاقائی استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔
صدر مملکت نے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز پیش کی۔ امیر قطر نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری رابطوں کی ہدایت کی۔
شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ورکرز قطر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور ان کی تعداد میں مزید اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔
امیر قطر نے کہا کہ پاکستان ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے جو بیک وقت چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے مضبوط تعلقات رکھتا ہے، اور قطر کو پاکستان کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے شیخ تمیم بن حمد الثانی نے قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کا اعلان کیا۔
