حکومت پنجاب نے ماہِ رمضان المبارک کے احترام میں صوبے بھر میں تھیٹر سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق رمضان کے دوران تمام فلم اور اسٹیج تھیٹرز عارضی طور پر بند رہیں گے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوامی تقدس اور مذہبی احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق رمضان المبارک کے دوران کسی بھی قسم کی تھیٹر پرفارمنس یا اسٹیج شو کی اجازت نہیں ہوگی، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
حکومت پنجاب کے اس فیصلے پر عمل درآمد تمام تھیٹر مالکان، لائسنس ہولڈرز اور پروڈیوسرز کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی اور انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
رمضان المبارک میں 10 ہزار روپے تک مالی امداد، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پروگرام متعارف
ذرائع کے مطابق یہ اقدام ہر سال رمضان کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے تاکہ مذہبی ماحول اور روحانی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے اختتام پر تھیٹر سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال کر دی جائیں گی۔
تھیٹر مالکان اور فنکار برادری کی جانب سے اس فیصلے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، تاہم صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ مذہبی اقدار اور عوامی جذبات کا احترام اولین ترجیح ہے۔
