پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری ہوگا، بلدیاتی انتخابات جلد کرائیں گے، عظمیٰ بخاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے پنجاب حکومت نے ٹیکس فری بجٹ تیار کیا ہے، جس میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام مجوزہ ٹیکس تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے بچایا جائے گا۔

latest urdu news

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ مہنگائی کا دباؤ کم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت جلد بلدیاتی انتخابات کرانے جا رہی ہے، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ (ن) لیگ نے ہمیشہ بلدیاتی اداروں کو فعال رکھا، جبکہ پچھلی حکومت نے ان اداروں کو غیر فعال کر دیا تھا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب کے 64 شہروں میں سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ حکومت ماڈل ویلجز کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جس کے تحت جلد 1800 دیہات کو شہری سہولیات کے برابر لایا جائے گا تاکہ دیہی و شہری علاقوں کے درمیان ترقی کا فرق ختم کیا جا سکے۔

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ہفتے میں دو بار پرائس کنٹرول سے متعلق اجلاس کرتی ہیں، اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی قیمتوں میں اضافہ کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں صوبائی سطح پر قیمتوں کے کنٹرول کا مؤثر نظام موجود نہیں تھا، مگر موجودہ حکومت نے اس مقصد کے لیے باقاعدہ ایک محکمہ قائم کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے قیمتوں کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رکھی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کئی برس سے التوا کا شکار رہے ہیں، اور سابقہ حکومت پر بلدیاتی اداروں کو تحلیل کرنے کے الزامات بھی عائد ہوتے رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ جمہوری اداروں کی بحالی اور عوامی خدمت کے لیے مقامی حکومتوں کو فعال بنانا چاہتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter