پنجاب حکومت نے موسم گرما کی تعطیلات کے اختتام پر صوبے بھر میں اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق نیا شیڈول یکم ستمبر 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے اور یہ 15 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گا۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق تمام سرکاری اسکول اس نئے نظام کے تحت کام کریں گے۔ سنگل شفٹ اسکول پیر سے جمعرات تک صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کے روز یہ اسکول دوپہر 12:00 بجے بند کر دیے جائیں گے۔
دوسری جانب ڈبل شفٹ اسکولوں کے لیے علیحدہ اوقات کار مقرر کیے گئے ہیں۔ ان اسکولوں کی صبح کی شفٹ پیر سے جمعرات تک صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ جمعہ کو صبح کی شفٹ دوپہر 12:00 بجے ختم ہو جائے گی۔
ڈبل شفٹ اسکولوں کی شام کی شفٹ پیر سے جمعرات تک دوپہر 1:00 بجے شروع ہو کر شام 5:30 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ جمعہ کے روز شام کی شفٹ کا وقت دوپہر 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
انٹرمیڈیٹ بورڈ 2025 کے نتائج کا اعلان، طالبات نے دوبارہ بازی مار لی
محکمہ تعلیم کے مطابق یہ تبدیلیاں طلبا و طالبات کی سہولت، موسم کی شدت اور تدریسی عمل کے تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔ تمام والدین، اساتذہ اور طلبا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نئے اوقات کے مطابق اپنی تیاری مکمل رکھیں تاکہ تعلیمی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔