لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے سڑکوں کو دھونے اور عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس میں ایک لاکھ 30 ہزار اہلکار اور 30 ارب روپے مالیت کی مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ آلائشیں بروقت اٹھانے اور صفائی کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے پہلی بار سیف سٹی کیمروں اور ڈرونز سے بھی مدد لی جا رہی ہے،انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ گلیوں، محلوں، بازاروں، چوراہوں اور سڑکوں کی مکمل صفائی کی جائے، آلائشیں فوری طور پر ہٹائی جائیں، اور تمام مقامات پر پانی سے دھلائی اور عرق گلاب کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ بلدیات کی رپورٹ کے مطابق عید کے پہلے روز پنجاب بھر سے ایک لاکھ 10 ہزار ٹن آلائشیں تلف کی گئیں،لاہور ڈویژن میں 35 ہزار، بہاولپور میں 14 ہزار، فیصل آباد سے 12 ہزار، ملتان 9 ہزار، گوجرانوالہ 8 ہزار، راولپنڈی 8 ہزار، سرگودھا 7 ہزار، ساہیوال 4,406، سیالکوٹ 4,307، اور ڈی جی خان سے 5,936 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔
سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد کے مطابق اس بار صفائی آپریشن کو دیہی علاقوں تک وسعت دی گئی ہے، عید کے تینوں دن 1 لاکھ 39 ہزار سے زائد صفائی عملہ ڈیوٹی پر موجود رہے گا، جبکہ 36 ہزار سے زائد گاڑیاں اس مقصد کے لیے استعمال ہوں گی، آلائشوں کی کلیکشن کے لیے 3 ہزار سے زائد عارضی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، اور شہریوں کو ماحول دوست ویسٹ بیگز کی ایک کروڑ سے زائد تعداد فراہم کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ صفائی سے متعلق شہریوں کی 6 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 5 ہزار سے زیادہ شکایات فوری طور پر حل کر دی گئیں۔
یاد رہے کہ اس سال پنجاب حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ سیف سٹی کیمروں، ڈرون ٹیکنالوجی، اور مکمل میکانائزڈ نظام کے تحت آلائشوں کو تلف کرنے اور ماحول کو خوشگوار رکھنے کی مؤثر کوشش کی جا رہی ہے، جسے شہریوں اور مبصرین کی جانب سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔