پنجاب حکومت نے کسانوں کو براہِ راست ریلیف دیتے ہوئے گندم کے بیج کی فی بوری قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی سیڈ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد کیا گیا۔
وزیر زراعت نے اعلان کیا کہ گندم کے بیج کی سابقہ قیمت 6,500 روپے فی بوری تھی، جسے اب کم کر کے 5,500 روپے فی بوری کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد کاشتکاروں کے اخراجات کو کم کرنا اور گندم کی کاشت کو زیادہ منافع بخش بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کو بروقت، معیاری اور سستے نرخوں پر بیج کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہتی ہے تاکہ گندم کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
وزیر زراعت کے مطابق، پنجاب سیڈ کارپوریشن کے تیار کردہ بیج کی قیمت بھی نئی کم شدہ قیمت پر یعنی 5,500 روپے فی بوری مقرر کی گئی ہے، جو کسانوں کو قابلِ اعتماد اور معیاری بیج رعایتی نرخ پر فراہم کرے گا۔
پنجاب میں گندم خریداری کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر، جامع منصوبہ تیار
سید عاشق حسین کرمانی نے اس فیصلے کو حکومت کے زرعی اصلاحات کے عزم کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام زرعی معیشت کو مستحکم اور خود کفیل بنانے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس سے رواں سیزن میں گندم کی کاشت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔