پنجاب کے تمام پارکس نو سموکنگ زون قرار، سگریٹ کی فروخت و استعمال پر مکمل پابندی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب حکومت نے تمام پارکس کو نو سموکنگ زون قرار دے دیا، سگریٹ، ای-سگریٹ اور تمباکو مصنوعات کی فروخت و استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔

لاہور، پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام پارکس اور باغات کو باضابطہ طور پر نو سموکنگ زون قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق "پروبیشن آف سموکنگ اینڈ پروٹیکشن آف نان سموکرز ہیلتھ آرڈیننس 2002” کی شقوں کا مکمل نفاذ کیا جائے گا۔ آرڈیننس کی دفعہ 5 اور 7 کے تحت تمام عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی اور تمباکو مصنوعات کی فروخت سختی سے ممنوع ہوگی۔

latest urdu news

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پارکس میں سگریٹ، ای-سگریٹ، نسوار، پان، گٹکا اور دیگر تمباکو سے بنی اشیاء کی خرید و فروخت اور استعمال مکمل طور پر بند ہوگا۔ پارکوں کے اندر موجود ٹک شاپس، کیفے اور وینڈنگ پوائنٹس پر بھی سگریٹ کی کسی بھی شکل میں فروخت غیر قانونی قرار دے دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں، تمام پارکس میں مختلف مقامات پر نمایاں انداز میں "نو سموکنگ” بورڈز نصب کیے جائیں گے اور عوام کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے رہنما ہدایات بھی آویزاں کی جائیں گی۔ پارک انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پارک میں تعینات عملے کے ذریعے اس قانون پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ اتھارٹیز آئندہ دس دنوں میں تمام پابندیوں کا اطلاق یقینی بنائیں اور اس حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان میں تمباکو نوشی کے باعث ہر سال ہزاروں اموات واقع ہوتی ہیں، اور حکومت ماضی میں بھی تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور دفاتر میں سموکنگ پر پابندی عائد کر چکی ہے۔ اب پارکس کو بھی اس فہرست میں شامل کر کے تمباکو کے استعمال کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter