پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: وزیراعلیٰ مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ وہ کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دیں گی کہ پنجاب میں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک یا ناانصافی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وہ وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں، اگر اقلیتوں کے حقوق پر آنچ آئی تو وہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح ان کے دفاع میں کھڑی ہوں گی۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ پنجاب نے کرسمس کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک اقلیت دوست ملک کے طور پر دنیا میں پہچان دلانا ان کا خواب ہے، اور اس خواب کو حقیقت میں بدلنا حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو بھی وہی حقوق حاصل ہونے چاہئیں جو اکثریتی آبادی کو حاصل ہیں، کیونکہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب وہ صوبہ ہے جہاں تمام مذاہب کے تہوار آزادی اور احترام کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں کرسمس، ایسٹر، ہولی، بیساکھی اور دیگر مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں، اور اس سال لاہور کے علاقے لبرٹی میں پاکستان کا سب سے بڑا کرسمس ٹری نصب کیا جا رہا ہے، جو بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت ہوگا۔

انہوں نے مسیحی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت، تعلیم، صفائی اور دیگر شعبوں میں مسیحی کمیونٹی کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود کانونٹ اسکول کی طالبہ رہی ہیں، جہاں سے انہوں نے انسانیت، انصاف اور برداشت کا سبق سیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کسی منصوبے میں کسی فرد سے اس کے مذہب کے بارے میں سوال نہیں کیا جائے گا، کیونکہ کارکردگی اور انسانیت ہی اصل معیار ہے۔

عوام بھوکی مر رہی ہے، اپوزیشن کو جیلوں کے باہر دھرنوں سے فرصت نہیں، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سکھ برادری کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے ہیلمٹ قانون میں خصوصی رعایت دی، کیونکہ سکھ شہری پگڑی اتار نہیں سکتے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ سکھ برادری کو اس قانون سے استثنیٰ دیا جائے تاکہ ان کی مذہبی آزادی متاثر نہ ہو۔

مریم نواز نے زور دیا کہ پنجاب تمام اقلیتوں کے لیے ایک محفوظ صوبہ ہے اور رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں تمام پنجابیوں سے یکساں محبت ہے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔

تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی، اقلیتی کارڈز اور کرسمس گرانٹس کے چیکس تقسیم کیے اور اعلان کیا کہ مستقبل میں مائنارٹی کارڈز کی رقم ایک لاکھ روپے تک بڑھائی جائے گی، تاکہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو مزید مؤثر بنایا جا سکے

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter