پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ، حلقہ بندیاں فوری شروع کرنے کی ہدایت

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یہ انتخابات دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابات الیکشن ایکٹ 2022 کے تحت کروائے جائیں گے، اور اس سلسلے میں کل سے حلقہ بندیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ فیصلے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور کمیشن کے دیگر ممبران نثار درانی، شاہ محمد جتوئی اور بابر حسن بھروانہ نے دستخط کیے۔

latest urdu news

فیصلے کے مطابق، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں غیر ضروری تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ "پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر شرمندگی کا باعث بن رہی ہے۔ اب مزید انتظار نہیں کیا جا سکتا، آج ہی فیصلہ جاری کیا جائے گا۔”

الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی قوانین میں 5 مرتبہ ترامیم کیں اور اب چھٹی مرتبہ بھی ترمیم کی جا رہی ہے، تاہم موجودہ قانونی فریم ورک یعنی الیکشن ایکٹ 2022 کے تحت انتخابات کرانا ممکن ہے۔

یاد رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے التوا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی طلب کیا تھا۔

اب الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پنجاب حکومت پر ذمہ داری عائد ہو گئی ہے کہ وہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کروائے تاکہ طویل عرصے سے تعطل کا شکار بلدیاتی نظام کو دوبارہ فعال کیا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter