پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 8 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق کہوٹہ، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارشوں سے چھتیں گرنے اور سیلابی صورتحال کے باعث 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، مختلف حادثات میں کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق، راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث اچانک سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی، جس سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔ محلہ چاہت میں ایک گھر کی چھت گرنے سے ایک کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے والدین اور دو بہن بھائی زخمی حالت میں ملبے سے نکالے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش سیدپور ولیج میں 131 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جب کہ پی ایم ڈی میں 81، گولڑہ میں 31 اور چکلالہ میں 25 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ادھر لاہور میں صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی و حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، پانی والا تالاب کے علاقے میں 74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے۔

خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی۔ مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور مقامی سیلابی کیفیت کے باعث 5 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں دو خواتین، دو بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ مزید ایک بچہ زخمی ہوا۔ بارش سے ایک گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ ایک کو جزوی نقصان پہنچا۔ متاثرہ علاقوں میں پشاور، بونیر، مالاکنڈ اور مانسہرہ شامل ہیں، جہاں نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ مون سون کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں معمول کا حصہ ہیں، تاہم این ڈی ایم اے کی حالیہ رپورٹ نے شہری انتظامیہ کی تیاریوں پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ عوام کو محتاط رہنے، اور نشیبی یا غیر محفوظ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter