پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز نے باقاعدہ فیصلہ کیا ہے کہ صوبہ بھر میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ون (گیارہویں جماعت) کے سالانہ امتحانات کے نتائج 15 اکتوبر بروز بدھ صبح 10 بجے ایک ساتھ جاری کیے جائیں گے۔ لاہور بورڈ سے اس سال گیارہویں جماعت کے امتحانات میں دو لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی تھی۔
یہ نتائج لاہور کے علاوہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور سمیت تمام پنجاب بورڈز پر بیک وقت دستیاب ہوں گے۔ طلباء اپنے رول نمبر کے ذریعے متعلقہ بورڈز کی آفیشل ویب سائٹس یا ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اپنے نتائج معلوم کر سکیں گے۔
اسی دوران پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں میں انسداد ہراسگی کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔ ہر پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائیر سکول میں تین رکنی کمیٹیاں بنائی جائیں گی جن میں کم از کم ایک خاتون استاد شامل ہوگی؛ یہ کمیٹیاں ہراسگی کی شکایات کو خفیہ اور مؤثر طریقے سے نمٹائیں گی اور رپورٹس ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو جمع کرائیں گی۔
حکومت نے اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 دن کے اندر کمیٹیوں کی فہرست محکمہ کو جمع کروائیں تاکہ طالبات کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔