وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر کی مساجد کے آئمہ کرام کو یکم جنوری سے اعزازیہ ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد مساجد کے مذہبی رہنماؤں کی مالی معاونت کو باقاعدہ نظام کے تحت مستحکم کرنا ہے۔
مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ’’وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ کارڈ برائے امام مسجد‘‘ کی منظوری بھی دیدی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اعزازیے کی پہلی ادائیگیاں یکم جنوری سے شروع کر دی جائیں، جبکہ یکم فروری سے یہ ادائیگیاں باقاعدہ اعزازیہ کارڈ کے ذریعے کی جائیں گی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب بھر سے اب تک 62 ہزار 994 آئمہ کرام کی رجسٹریشن درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ تمام مستحق آئمہ کو نظام میں شامل کیا جا سکے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے آئمہ کرام جو ریاستی مفادات کے خلاف سرگرمیوں، اخلاقی بے ضابطگیوں یا مالی جرائم میں ملوث پائے گئے تو ان کا اعزازیہ فی الفور روک دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں صوبے بھر میں مسجد مینجمنٹ اور تحصیل سطح کی مینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کردی گئی ہیں۔
مدارس یا مساجد کی بندش کا کوئی ارادہ نہیں، یہ صرف پروپیگنڈہ ہے: محسن نقوی
اجلاس میں سرکاری املاک اور سیف سٹی کیمروں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں میں کومبنگ آپریشن جاری رکھنے، فورتھ شیڈول میں شامل جرائم پیشہ عناصر کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور غیرقانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیوں کو بھی تیز کرنے کی ہدایات دی گئیں۔
