پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات بحال کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات پانچ سال بعد دوبارہ بحال، دیگر جماعتوں کے امتحانات بطور اسسمنٹ ٹیسٹ لیے جائیں گے۔

لاہور، پنجاب حکومت نے پانچ سال کے وقفے کے بعد آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اہم تعلیمی اقدام کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جہاں تعلیمی اصلاحات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

latest urdu news

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ آٹھویں کلاس کے لیے بورڈ امتحانات کا باقاعدہ اجرا کیا جائے گا تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور طلبہ کی کارکردگی کا جامع انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پانچویں، چھٹی اور ساتویں جماعتوں کے امتحانات بورڈ کے بجائے "انٹرنل اسسمنٹ ٹیسٹ” کی صورت میں لیے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ ایک ماہ کے اندر اندر انٹرنل اسسمنٹ ٹیسٹ کا مکمل طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ اس پر عملدرآمد کو مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پانچویں سے ساتویں جماعت تک کے لیے انٹرنل امتحانی نظام کو مضبوط اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا، تاکہ طلبہ کی بنیاد مضبوط ہو اور بورڈ امتحان کی تیاری میں آسانی ہو۔

یاد رہے کہ پنجاب میں آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات پانچ سال قبل ختم کر دیے گئے تھے، جس کے بعد صرف اسکول سطح پر تشخیصی امتحانات لیے جا رہے تھے۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بورڈ امتحانات کی بحالی سے طلبہ میں تعلیمی سنجیدگی بڑھے گی اور معیاری تعلیم کے فروغ میں مدد ملے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter