پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق باقاعدہ اصول و ضوابط جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت بغیر اجازت حکومتی پالیسیوں پر رائے دینا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔
ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سول سرونٹس فیس بک، ٹوئٹر (ایکس)، انسٹاگرام، یوٹیوب، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز پر پوسٹ کرتے ہوئے انتہائی احتیاط برتیں۔
مراسلے کے مطابق ایسی کوئی بھی سرگرمی جو قومی سلامتی، امن عامہ، اخلاقیات یا ریاستی اداروں کی ساکھ کو متاثر کرے، ناقابل برداشت ہوگی۔ عدالت یا حکومت کی توہین، غیرقانونی مواد کی تشہیر، فرقہ وارانہ باتیں اور ذاتی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
سرکاری افسران کو اعلیٰ اخلاقی معیار، دیانتداری اور ذمہ داری کے ساتھ آن لائن موجودگی برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔