وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 450 قیدی سزا میں رعایت کے مستحق قرار، 270 قیدی عیدالاضحیٰ پر رہائی پائیں گے، دہشتگردی اور سنگین جرائم میں ملوث قیدی رعایت سے محروم رہیں گے۔
لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل پنجاب حکومت نے جیلوں میں قید افراد کے لیے بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری داخلہ نے قیدیوں کی سزا میں 90 دن کی خصوصی معافی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس سے سینکڑوں قیدی مستفید ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے بھر کی جیلوں میں موجود 450 قیدی اس رعایت کے اہل قرار پائے ہیں، جن میں سے 270 قیدی فوری طور پر رہا ہو سکیں گے اور عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزاریں گے،یہ رعایت پاکستان پریزن رولز 1978 کے رول 216 کے تحت دی گئی ہے، جس کا مقصد قیدیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کا موقع فراہم کرنا ہے۔
تاہم حکومت کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ مخصوص اور سنگین جرائم میں سزا یافتہ قیدی اس رعایت سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔
ان میں دہشت گردی، فرقہ واریت، بغاوت، ریاست مخالف سرگرمیوں، جاسوسی، قتل، زنا، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا، مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے جیسے جرائم میں سزا یافتہ افراد شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں مختلف تہواروں اور مواقع پر قیدیوں کی سزا میں کمی کا عمل ایک روایت رہا ہے، جس کا مقصد نہ صرف قیدیوں کو اصلاح کا موقع دینا ہے بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور انسانی ہمدردی کو فروغ دینا بھی ہے۔