پنجاب حکومت نے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے بھر کے ٹول پلازوں پر پرچی سسٹم ختم کر کے مکمل ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام 38 ٹول پلازوں پر موٹروے طرز کا جدید "ون ایپ، ون سسٹم” نافذ کیا جائے گا، جس سے آمدورفت میں نہ صرف تیزی آئے گی بلکہ شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔
اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، جن میں ٹرانسپورٹ، توانائی، تعمیرات اور شہری خوبصورتی کے منصوبے شامل تھے۔ اجلاس کے دوران پانچ بڑی سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کے اشتراک سے کام کی رفتار میں اضافہ اور لاگت میں کمی ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ تمام نئی سڑکوں پر سولر اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں تاکہ توانائی کی بچت کے ساتھ ماحول دوست اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں لاہور شہر کی خوبصورتی کے لیے بھی متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک میں فوارہ نصب کرنے اور بچوں کے لیے منی ٹرین چلانے کا منصوبہ شامل ہے، جبکہ اسٹیشن کے اطراف تین کلومیٹر کے دائرے میں نئی سڑکیں اور فٹ پاتھ بھی بنائے جائیں گے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب کے بعد متاثر ہونے والے 54 بڑے پل، 142 چھوٹے پل اور 858 سڑکوں کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ مری، چکوال اور ساہیوال سمیت دیگر علاقوں میں بیشتر سڑکوں کی مرمت مکمل ہو چکی ہے۔
یہ فیصلے پنجاب میں جدید انفراسٹرکچر، شفاف حکمرانی اور عوامی سہولت کی فراہمی کی سمت ایک اہم قدم تصور کیے جا رہے ہیں۔