کراچی کے سانحہ گل پلازہ کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے میں کمرشل عمارتوں کے لیے سخت ہدایات نامہ جاری کر دیا ہے تاکہ آگ جیسے ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات
چیف سیکرٹری پنجاب نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ آن لائن اجلاس میں واضح کیا کہ کمرشل عمارتوں میں آگ بھجانے والے آلات (Fire Extinguishers) کی تنصیب لازمی ہوگی۔ ساتھ ہی لوکل گورنمنٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایس او پیز (SOPs) پر سختی سے عمل کروایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تین یا اس سے زائد منزلوں والی عمارتوں میں ہنگامی صورتِ حال کے لیے اسٹیل کی سیڑھیاں لازمی لگائی جائیں، جو ہر فلور سے اچھی طرح جڑی ہوں۔ اسٹیل سیڑھیوں کی تنصیب کے لیے کسی قسم کا این او سی ضروری نہیں ہوگا۔
فائر سیفٹی اقدامات اور فلور وار ہدایات
اعلامیے کے مطابق ہر فلور پر فائر ایکسٹنگشر لگانا لازمی ہوگا اور کمرشل عمارتوں کے مالکان یا انتظامیہ کو 15 دن کے اندر ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
راولپنڈی میں فائر سیفٹی اقدامات
راولپنڈی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (RDA) نے بھی کمرشل عمارتوں کے مالکان کے لیے چیک لسٹ جاری کر دی ہے تاکہ ہائی رائز عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کیا جا سکے۔ ڈی جی RDA کنزہ مرتضیٰ نے بتایا کہ مالکان کو فائر سیفٹی چیک لسٹ بھیج دی گئی ہے اور ہنگامی صورتحال میں آگ سے بچاؤ، بجلی کے نظام، اور ہنگامی راستوں کی جانچ پڑتال کے لیے انسپیکشن فارم تیار کیا گیا ہے۔
لاہور میں ہولناک آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق، 6 زخمی، 180 افراد بحفاظت نکال لیے گئے
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی عمارت کے مالک کی جانب سے ہدایات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ اقدامات سانحہ گل پلازہ کے بعد عوامی جانوں کے تحفظ کے لیے پنجاب حکومت کی طرف سے اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہیں، تاکہ آگ یا دیگر ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جا سکے اور کمرشل عمارتوں میں حفاظتی معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
