پنجاب حکومت نے گزشتہ روز سیلابی ریلیف کے دوران جان بحق ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی، فرقان احمد خان کو اعلیٰ سول ایوارڈ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ مرحوم کے ورثا کو ایک کروڑ روپے کی گرانٹ بھی دی جائے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے اعلیٰ سول ایوارڈ اور مالی امداد کی منظوری دی ہے۔
فرقان احمد کینسر کے مریض ہونے کے باوجود سیلاب زدگان کی مدد کے لیے لگاتار کام کر رہے تھے اور پتوکی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں مصروف تھے۔
مرحوم فرقان احمد نے متاثرین کو خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پتوکی سیلابی علاقوں کے دورے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے
وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کی فرض شناسی کو حقیقی ہیرو کا جذبہ قرار دیا اور کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی مدد کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے فرقان احمد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر فرقان احمد ضلع قصور کے ہیڈ بلوکی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے تھے جب انہیں دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔