پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی خصوصاً افغان شہریوں کے خلاف جاری کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدام کا اعلان کردیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق ایسے تمام افراد کو نقد انعام دیا جائے گا جو غیر قانونی مقیم افغان یا دیگر غیر ملکی شہریوں کی موجودگی کی اطلاع فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ تین ہفتوں کے دوران 6 ہزار 220 افغان شہریوں کو شناختی عمل مکمل ہونے کے بعد واپس ان کے ملک بھیجا جا چکا ہے۔ اس دوران ویسل بلور سسٹم کے ذریعے متعدد شہریوں نے حکومت کو درست اور بروقت معلومات فراہم کیں، جنہیں حکومت سے سراہا گیا۔
جہلم: افغان شہری کو پناہ دینے والا ملزم گرفتار، عارضی رہائش آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ ویسل بلور کے طور پر معلومات فراہم کرنے والے شہریوں کی شناخت مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھی جائے گی تاکہ ان کی سیکیورٹی اور رازداری کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد صوبے میں قانون کی عمل داری کو مضبوط بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔
