پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے 15 نومبر 2025 کے بعد بغیر گرین اسٹیکر گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ جن گاڑیوں کے پاس ایگزاسٹ ٹیسٹنگ سرٹیفکیٹ (ای ٹی ایس) یا گرین اسٹیکر موجود نہیں ہوگا، انہیں قبضے میں لے لیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں تمام گاڑیوں کے لیے ایگزاسٹ ٹیسٹنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای پی اے پنجاب نے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی جی ماحولیات کے مطابق 15 نومبر کے بعد صرف وہی گاڑیاں سڑکوں پر چل سکیں گی جو پنجاب ماحولیاتی معیار پر پورا اتریں گی۔ ای ٹی ایس سے غیر تصدیق شدہ گاڑیوں کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ انہیں ضبط بھی کیا جائے گا۔
میئر کراچی کا گرین لائن کا کام رکوانا کراچی دشمنی ہے
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں کی ایگزاسٹ ٹیسٹنگ مکمل کروائیں تاکہ کسی ممکنہ کارروائی سے بچا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ مہم اسموگ کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر لاہور سے شروع کی گئی ہے، جو بعد میں دیگر اضلاع تک پھیلائی جائے گی۔
