پنجاب اسمبلی کا 35واں اجلاس دوپہر 2 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کریں گے۔
پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا باضابطہ ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس کے دوران محکمہ انوائرمنٹ پروٹیکشن اراکین اسمبلی کے سوالات کے جوابات پیش کرے گا۔ ارکانِ اسمبلی کی جانب سے مختلف زیرو آور نوٹسز بھی پیش کیے جائیں گے جن میں عوامی نوعیت کے اہم مسائل اٹھائے جائیں گے۔
اجلاس میں پانچ موجودہ تحریکاتِ التواء پر بھی تفصیلی بحث کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے میں قانون سازی کے لیے کئی اہم مسودے پیش کیے جائیں گے جن میں پنجاب موٹر گاڑیاں (چوتھی ترمیم) آرڈیننس 2025، ستھرا پنجاب اتھارٹی آرڈیننس 2025 اور پولیس آرڈر (دوسری ترمیم) 2025 شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، اجلاس میں پنجاب کی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر عام بحث کا آغاز بھی ہوگا، جس میں اراکین صوبے کی داخلی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور اپنی تجاویز پیش کریں گے۔
