برطانیہ سے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کارروائی کا مطالبہ کردیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت کو ایک خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی، تشدد اور عدم استحکام پیدا کرنے والے افراد کے خلاف فوری ایکشن لے۔

latest urdu news

خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسلک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں آرمی چیف کو قتل کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ یہ مواد کسی بھی سیاسی یا بیان بازی کی نوعیت کا نہیں بلکہ ایک اعلیٰ فوجی شخصیت کے خلاف براہ راست تشدد کی ترغیب دیتا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے جڑے پلیٹ فارمز پر مسلسل انتشار اور تشدد کی کالز جاری ہیں۔ پاکستان نے برطانیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ ان افراد کی شناخت کرے، تحقیقات کرے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے تاکہ پاکستان میں امن و استحکام کو نقصان نہ پہنچے۔

حکومت پاکستان نے خط میں یہ بھی زور دیا کہ پی ٹی آئی اور اس سے منسلک پلیٹ فارمز کے پاکستان میں تشدد، نفرت اور بڑے پیمانے پر بے امنی پھیلانے کے معاملات کی تحقیقات کی جائیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ تشدد پر اکسانے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے پر پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ کن قانونی اور انتظامی کارروائی کی جائے، جس میں پابندی بھی شامل ہو سکتی ہے۔

اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا اعلان

خط میں برطانیہ سے تاکید کی گئی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف تشدد، دہشت گردی اور بے امنی پھیلانے کے لیے استعمال نہ ہو۔ حکومت پاکستان نے کہا کہ یہ معاملہ برطانیہ کی انسداد دہشت گردی، بین الاقوامی قانون اور ذمہ دار ریاستی کردار کے عزم کا امتحان ہے۔

حکومت پاکستان نے خبردار کیا کہ برطانیہ کی خاموشی کو غیر جانبداری کے طور پر نہیں لیا جائے گا اور اس سے باہمی اعتماد و تعلقات پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان نے اس معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ برطانیہ فوری اور مؤثر قانونی کارروائی کرے گا تاکہ امن و استحکام قائم رہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter