اسلام آباد — قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-142 (ساہیوال-2) سے منتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری عثمان علی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ وہ عام انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے، تاہم ان کا پس منظر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وابستہ رہا ہے۔
پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرِاعظم آفس میں ہونے والی ملاقات کے دوران چوہدری عثمان علی نے باقاعدہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا، جس پر وزیراعظم نے انہیں خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات میں چوہدری عثمان علی نے حکومت کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری پر وزیراعظم کو مبارکباد بھی پیش کی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ پیش رفت جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک اہم سیاسی تقویت ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔