کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے ایک بار پھر مذاکرات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
جیل میں موجود رہنماؤں نے اپنے وکیل رانا مدثر کے ذریعے میڈیا کو خط بھیجا، جس میں انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی مشکلات پر اظہارِ تشویش کیا۔
خط لکھنے والوں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین سال آٹھ ماہ سے پاکستان شدید بحرانوں کا شکار ہے اور ہر محب وطن شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے مفاد میں پُرامن ذرائع استعمال کرے۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات محض بیان بازی، عملی رابطہ نہیں ہوا: مولانا فضل الرحمان کا موقف
پی ٹی آئی قیادت نے اپنے خط میں واضح کیا کہ ہر سطح پر گفت و شنید ہی واحد حل ہے، اور یہی عمل تحریک انصاف اور پورے ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتا ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو تحریک تحفظ آئین کے ذریعے قومی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرنے اور حل تلاش کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔
خط میں محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر سے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ قوم کی رہنمائی میں مدد کریں گے اور وسیع تر مشاورت کے ذریعے مذاکرات کے دروازے کھلے رہیں گے۔
