پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ (پی کے ایل آئی) میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو پتے میں تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل لاہور سے طبی معائنے کے لیے پی کے ایل آئی منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں قیام کے دوران فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے ان سے ملاقات کی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات اہم سیاسی پیش رفت کے سلسلے کی کڑی ہے، اور امکان ہے کہ جلد ہی پی ٹی آئی کے دیگر سابق رہنما بھی اس رابطہ مہم میں شامل ہو جائیں۔
دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ وہ پتے کی پتھری کے علاج کے باعث اسپتال میں داخل ہیں۔ ان کے مطابق میڈیکل ٹیسٹ جاری ہیں اور ایک سے دو دن میں آپریشن متوقع ہے۔ انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے دعا کی اپیل بھی کی۔
