پی ٹی آئی کے رہنما ؤں حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، راجہ اظہر اور 32 دیگر کارکنوں پرفرد جرم عائد کردی گئی ۔
کراچی، انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، راجہ اظہر اور 32 دیگر کارکنوں پر 9 مئی کے واقعے سے متعلق تیسرے مقدمے میں فردِ جرم عائد کر دی، جب کہ تمام ملزمان نے الزامات کو مسترد کر دیا۔
کراچی سینٹرل جیل میں قائم انسدادِ دہشت گردی کمپلیکس میں مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے نامزد رہنماؤں اور کارکنان پر الزامات پڑھ کر سنائے۔
ملزمان کی جانب سے صحتِ جرم سے انکار پر عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے گواہوں کو طلب کرنے کا حکم جاری کیا۔
یہ مقدمہ فیروزآباد تھانے کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، راجہ اظہر، فہیم خان، عالمگیر خان اور دیگر افراد شامل ہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز احمد چودھری کے خلاف مجرمانہ سازش کے الزام کا استغاثہ کی جانب سے ٹرائل میں ثابت کیا جانا ابھی باقی ہے۔