اسلام آباد میں احتجاج و توڑ پھوڑ کیسز میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، شعیب شاہین سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما بری، لاہور میں شاہ محمود قریشی کو آتشزدگی کیس میں ضمانت مل گئی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنماؤں کے خلاف کراچی کمپنی تھانے میں درج احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، علی بخاری، شعیب شاہین، عامر ڈوگر، ملک رفیق اور عامر مغل کو مقدمہ نمبر 498 سمیت دیگر الزامات سے باعزت بری کر دیا۔
یاد رہے کہ یہ مقدمات 26 اپریل 2024 کو عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کے بعد درج کیے گئے تھے، جن میں الزام تھا کہ احتجاج کے دوران کراچی کمپنی کے اطراف توڑ پھوڑ کی گئی۔ عدالت میں سماعت کے دوران وکلا نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے، جن میں شواہد کا فقدان ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب سنایا گیا۔
دوسری جانب لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے شادمان آتشزدگی کیس میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی۔ جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کے دوران فیصلہ سنایا۔ اس مقدمے میں شاہ محمود کے وکلا رانا مدثر عمر اور بیرسٹر تیمور ملک نے دلائل دیے۔ عدالت نے چند روز قبل سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی اسی کیس میں ضمانت دی تھی۔
یاد رہے کہ 9 مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں پر مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں سے متعدد کیسز میں عدالتوں نے حالیہ دنوں میں ریلیف دیا ہے۔