پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین کو قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، جو کہ کسی بھی قانون کے تحت قابلِ قبول یا جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ان کے مطابق اس طرزِ سلوک کی کوئی قانونی توجیہہ موجود نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ اللہ کا شکر ہے بانی پی ٹی آئی خیریت سے ہیں، تاہم انہیں جس صورتحال میں رکھا گیا ہے، وہ تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا مؤقف ہمیشہ پرامن احتجاج کا رہا ہے اور یہی ان کا قانونی و آئینی حق بھی ہے۔
سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران مزید رہنمائی لیں گے اور آئندہ کی حکمتِ عملی اسی مشاورت سے طے کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ قید تنہائی نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے، جس کے خلاف قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
