وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ریاست مخالف عزائم میں بے نقاب ہو چکی ہے، 10 مئی کو بھارت کو تاریخی شکست ہوئی، افواج پاکستان ملکی سلامتی کی اصل قوت ہیں
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے ریاست مخالف عزائم کے باعث مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے، اور عوام نے ان کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے آبائی حلقے میں گرین ٹریکٹر اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے انتہائی کٹھن فیصلے کیے، اور قلیل مدت میں ملکی معیشت کو دوبارہ مستحکم راہ پر گامزن کیا۔ ان کے مطابق، پاکستان نے جس تیزی سے خود کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اس کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ اتحاد اور یگانگت کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک صفحے پر ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے یکجہتی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
احسن اقبال نے 10 مئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس روز بھارت کو تاریخی اور عبرتناک شکست ہوئی، اور پاکستان نے اپنی عسکری قوت سے دنیا کو باور کرا دیا کہ وہ دفاعی لحاظ سے مضبوط ملک ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اب بھی ریاست اور افواج پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مواد پھیلا رہا ہے، جس سے دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔ ان کے مطابق، اس وقت ہندوستان عالمی سطح پر شرمندگی کا شکار ہے۔
احسن اقبال نے افواج پاکستان کو ملکی بقا اور سالمیت کی اصل ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف دی جانے والی قربانیاں انہی جوانوں کی مرہون منت ہیں، جو آج بھی سرحدوں پر اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ملک کا دفاع کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ احسن اقبال ماضی میں بھی بارہا پی ٹی آئی کی قیادت اور پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں، اور ان کے بیانیے کو قومی یکجہتی کے خلاف خطرہ قرار دیتے ہیں، خصوصاً فوج سے متعلق مؤقف کے تناظر میں۔