اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سمیت 12 اراکین اسمبلی کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی جانب سے منحرف اراکین کے خلاف باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی، فارورڈ بلاک بنانے اور پارٹی کے خلاف ووٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، ان اراکین کو پارٹی کا نام، جھنڈا اور عہدہ استعمال کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں جن اراکین کی رکنیت ختم کی گئی ہے ان میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، شمس الحق لون، راجہ اعظم، عبدالحمید، امجد زیدی، حاجی شاہ بیگ، ثریا زمان، راجہ ناصر مقپون، مشتاق احمد، دلشاد بانو اور فضل رحیم شامل ہیں۔
پی ٹی آئی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ان اراکین کی تصاویر جاری کی ہیں۔
دوسری جانب سابق گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے، جس پر ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔