پشاور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی کو خصوصی طور پر اسمبلی ہال کے بجائے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔
آج کے دن اسمبلی کا اجلاس مخصوص نشستوں کے معاملے پر طلب کیا گیا تھا، تاہم یہ اجلاس مقررہ وقت سے دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ اپوزیشن کے تمام اراکین ایوان میں بروقت پہنچ گئے تھے، لیکن پی ٹی آئی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کے بجائے پارٹی اجلاس میں شرکت کو ترجیح دی۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں موجود صورتحال، مخصوص نشستوں پر تحفظات، اور حکومت کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے بعد اسمبلی اجلاس سے مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کا مؤقف ہے کہ مخصوص نشستوں کا معاملہ غیر منصفانہ ہے اور اس پر ایوان میں شرکت بے سود ہوگی۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے معاملے پر پی ٹی آئی اور الیکشن کمیشن کے درمیان کافی عرصے سے تنازعہ چلا آ رہا ہے اور پی ٹی آئی پہلے بھی اس سلسلے میں قانونی چارہ جوئی اور احتجاج کا راستہ اختیار کر چکی ہے۔