پی ٹی آئی کا پیپلز پارٹی سے رابطہ، بجٹ ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کی تجویز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی منظوری کو روکنے کے لیے سیاسی رابطے تیز کر دیے ہیں۔ اسی تناظر میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، جس میں بجٹ کے حوالے سے ممکنہ پارلیمانی حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

latest urdu news

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کو بجٹ ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی جانب سے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بعض رہنماؤں کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بجٹ کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں، اور اگر وہ واقعی سنجیدہ ہیں تو پی ٹی آئی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

اس پر راجہ پرویز اشرف نے جواب دیا کہ وہ یہ تجویز پارٹی قیادت، خصوصاً چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ میں موجود ہوں گے اور ان سے مشاورت کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پیپلز پارٹی نے حالیہ دنوں میں بجٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کیا ہے، خاص طور پر ترقیاتی فنڈز کی تقسیم اور وفاقی حکومت سے مشاورت کے فقدان پر اختلافات سامنے آئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے یہ سیاسی رابطہ کاری حکومت کے لیے ایک نیا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ اگر حزبِ اختلاف کی جماعتیں بجٹ منظوری کے عمل میں یکجا ہو گئیں تو یہ وفاقی حکومت کے لیے پارلیمانی اکثریت کا امتحان بن سکتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter