تحریک انصاف کا قافلہ لاہور پہنچ گیا، احتجاجی حکمت عملی پر مشاورت جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی قیادت میں قافلہ لاہور پہنچ گیا، کل احتجاجی تحریک کا اعلان متوقع۔

لاہور، پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آئندہ احتجاجی تحریک کے لائحۂ عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے پارٹی کا مرکزی قافلہ لاہور پہنچ گیا ہے۔ اس قافلے کی قیادت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کر رہے ہیں، جبکہ قافلے میں پنجاب اور کے پی سے تعلق رکھنے والے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت بھی شامل ہے۔

latest urdu news

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں قافلے کا پُرجوش استقبال کیا گیا، جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق راوی پل سے پی ٹی آئی رہنما یاسر گیلانی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق قافلہ شاہدرہ سے روانہ ہو کر رائیونڈ فارم ہاؤس پہنچے گا، جہاں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی مقام پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرِ صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا کی پارلیمانی پارٹیوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو گا۔ اس اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں آئندہ کی احتجاجی تحریک کے خدوخال اور حکمتِ عملی پر مشاورت کی جائے گی۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پارٹی کی جانب سے کل ایک باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے احتجاجی تحریک کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔ پارٹی کی قیادت اس بات پر متفق دکھائی دیتی ہے کہ موجودہ حکومت کے خلاف مؤثر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے، جس میں تمام آئینی و جمہوری ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری اور دیگر رہنماؤں کے خلاف جاری عدالتی کارروائیوں پر مسلسل احتجاجی مؤقف رکھتی آئی ہے۔ موجودہ پیش رفت اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس میں پارٹی آئندہ دنوں میں ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter