پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں جلسے کا اعلان کر دیا ہے۔
جلسے کی اجازت کے لیے پی ٹی آئی اسلام آباد ریجن کے صدر عامر مسعود مغل کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
درخواست پر عامر مسعود مغل اور جنرل سیکریٹری ملک عامر علی کے دستخط موجود ہیں، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جلسہ شام 4 بجے منعقد کیا جائے گا اور اس کا مقصد کارکنان کو متحرک رکھنا اور سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
درخواست میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جلسے کے تمام انتظامات نظم و ضبط کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کا وعدہ کیا گیا ہے تاکہ شرکا کی سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔
پی ٹی آئی نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ جلسے کے دوران پبلک سیفٹی، پارک کے قواعد و ضوابط اور دیگر متعلقہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ اب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منظوری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔