پاک بھارت حالیہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا آج شیڈول ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لیگ کے دیگر متعلقہ فریقین کے درمیان اہم اجلاس کچھ دیر بعد متوقع ہے، جس میں پی ایس ایل کے باقی میچز کے انعقاد یا ملتوی کیے جانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے سے پہلے چار لیگ میچز باقی رہ گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال اور فضائی حدود کی ممکنہ بندش کے باعث میچز کے انعقاد میں پیچیدگیاں درپیش ہیں، جس کی وجہ سے دبئی یا دوحا منتقلی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر میچز کی بیرونِ ملک منتقلی ممکن نہ ہو سکی تو باقی تمام مقابلے کراچی منتقل کیے جا سکتے ہیں۔
مزید برآں، آج راولپنڈی میں طے شدہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے، اہم فیصلوں کا اعلان آج شام تک متوقع ہے۔