اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں دونوں ممالک نے آئندہ ہفتے تک باہمی تجارتی معاہدہ حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی سیکریٹری تجارت ہاورڈ لٹنگ کے درمیان ایک ورچوئل ملاقات منگل کی شب پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 8 بجے ہوئی، جس میں جاری تجارتی مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق تکنیکی سطح پر ہونے والے پاک-امریکا تجارتی مذاکرات آئندہ ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد دو طرفہ معاہدے پر دستخط کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ دونوں فریقین نے مذاکرات کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس معاہدے سے دو طرفہ تعلقات کو نئی سمت ملے گی۔
ورچوئل میٹنگ کے دوران پاکستان اور امریکا نے صرف تجارت تک محدود رہنے کے بجائے ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت کئی اہم شعبے شامل ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس پیش رفت سے نہ صرف پاکستان کو امریکی منڈیوں تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی، بلکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ موجودہ عالمی معاشی حالات میں پاکستان کے لیے یہ معاہدہ خاص اہمیت کا حامل تصور کیا جا رہا ہے۔